جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی تمام سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے، ایک طرف تھریٹ لیٹر اور دوسری طرف سیکورٹی کی واپسی حکومت کیا پیغام دے رہی ہے، جےیوآئی قیادت کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے۔ ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ قائد جمعیت کے پرسنل سیکریٹری مفتی ابرار اور ان کی پوری فیملی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں ۔ترجمان جے یو آئی، رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کی آڑ میں اسلام آباد میں جگہ جگہ چھاپے مارے گئے۔ اسلم غوری نے کہا کہ حکمران بتائیں کہ جے یوآئی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف کیوں کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے ؟ حکمران جو بیج رہے ہیں کل ان کو کاٹنا ہوگا، کارکن الرٹ رہیں، قائد جمعیت کے تحفظ کے لئے کسی بھی وقت کال دی جاسکتی ہے۔