Current
·
C2
·2026-11
وفاقی حکومت کو یکطرفہ فیصلے کرنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہیے، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر کوئی جماعت پارلیمان میں برابر کی اسٹیک ہولڈر ہے اور مختلف معاملات میں حکومت کی حمایت بھی کرتی ہے تو اسے حکومتی فیصلوں میں مشاورت کے عمل میں شامل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ برابر کی اسٹیک ہولڈر جماعت کو فیصلوں میں شامل کرنا، اس کی رائے لینا اور اس کے مؤقف کو اہمیت دینا ضروری ہے، آپ کسی جماعت کو برابر کا اسٹیک ہولڈر بھی قرار دیں اور اسے فیصلوں اور مشاورت سے باہر بھی رکھیں، یہ سمجھ سے بالاتر ہے، اگر کسی جماعت کو اسٹیک ہولڈر تسلیم کرتے ہیں تو اس کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے میں کیا مسئلہ ہے؟
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت کو یکطرفہ فیصلے کرنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہیے، ایم کیو ایم کے وزرا کے زہر انگیز بیانات اور طرزِ سیاست پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بات کا پس منظر اور مقصد واضح کردیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کوئی دھمکی نہیں دی تھی بلکہ کراچی کے زمینی حقائق اور ماضی کے حالات سے آگاہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ماضی میں ایسے حالات گزرے ہیں جنہیں شہر کے عوام آج بھی نہیں بھولے، مجھے یاد ہے جب الطاف حسین ہڑتال کی کال دیتے تھے تو کراچی میں روزانہ تیس سے چالیس نعشیں گرتی تھیں، ماضی میں کراچی میں ہونے والے تشدد اور ہلاکتوں کا دفاع بھی خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال ٹی وی ٹاک شوز میں کیا کرتے تھے، مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف دیے گئے بیانات سب کے سامنے ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے خود خالد مقبول صدیقی کے بارے میں سنگین الزامات عائد کیے تھے، مصطفٰی کمال نے کہا تھا کہ خالد مقبول صدیقی دشمن ملک ایجنٹ ہیں، خالد مقبول صدیقی نے پاکستانی پاسپورٹ کی بے حرمتی کی، آج وہی مصطفٰی کمال خالد مقبول صدیقی کی چیئرمین شپ میں بیٹھے ہیں، میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا، مصطفیٰ کمال کے اپنے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔
Find Your Interest
Current
·
C2
·2026-11





