راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک پاکستان نے اپنی برتری 123 رنز تک پہنچا دی۔ پاکستان نے 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو اذان اویس گزشتہ روز کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ہمراہ 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 24 رنز بناکر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں ثاقب خان 37 اور سلمان علی آغا 21 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں۔ غازی غوری 8 اور عامر جمال ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ Pakistan add 100 runs in the morning session to reach 221-7 at lunch on Day Two 🏏#PAKvSL | #CricketKaJashan pic.twitter.com/tFGRxjRfJa — Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 18, 2026 سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 4، اسیتھا فرنانڈو نے 2 اور پرباتھ جے سوریا نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آؤٹ کردیا۔ یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے جبکہ یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف چوتھا کم ترین اسکور بھی ہے۔ کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث تقریباً 140 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تھا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔