ملک میں کپاس کی پیداوار میں محدوداضافہ ریکارڈکیاہے، لیکن منفی موسمی حالات اور گنے کی کاشت سے ماحولیاتی آلودگی کے باعث کپاس کامعیار بری طرح متاثر ہونے سے پورے کاٹن سیکٹر میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے۔ بلوچی روئی کی مانگ اور درآمدات میں اضافے کے خدشات پیداہوگئے ہیں، جبکہ روئی کی کم ازکم اور زیادہ سے زیادہ قیمتوں میں نمایاں فرق پیداہوگیاہے۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق 15نومبر تک ملک بھرکی جننگ فیکٹریوں میں مجموعی طور پر 6فیصد کے اضافے سے 51لاکھ 31ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی آمد ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ عرصے کے میں پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں 22لاکھ 52ہزار جبکہ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں 28 لاکھ 79ہزارگانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی ہے، جو بالترتیب 4فیصد اور 7فیصد زائدہے۔ زیرتبصرہ مدت کے دوران ٹیکسٹائل ملوں نے جننگ فیکٹریوں سے 44لاکھ 42ہزار گانٹھ اور برآمدکنندگان نے 94ہزار 400گانٹھوں کی خریداری کی ہے جبکہ 5لاکھ 91ہزار گانٹھوں کے قابل فروخت ذخائر جننگ فیکٹریوں میں دستیاب ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں اس وقت 203 اورسندھ میں 207 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ کپاس سندھ کے علاقے سانگھڑکی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی ہیں جو 11لاکھ 22ہزار گانٹھوں پر مشتمل ہے،جس کے بعد پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں 6لاکھ 3ہزار ، بہاولپور میں 4لاکھ 35ہزار، ڈیرہ غازی خان میں 3لاکھ 5ہزار، سکھر میں 3لاکھ 36ہزار، نوشہروفیروز میں 2لاکھ 68ہزاراور خیر پور میں 2لاکھ 50ہزارگانٹھیں پہنچی ہیں۔