پاکستان میں بچوں کے خلاف تشدد کے مقدمات کے ٹرائل کیلیے 13 چائلڈ کورٹس قائم کردی گئیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق دوسری عالمی وزارتی کانفرنس میں شرکت کی، جہاں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے بچوں کے لیے مؤثر نظام انصاف سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ سارہ احمد نے پینل ڈسکشن میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور انصاف تک رسائی کے معاملات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بچوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے 13 چائلڈ کورٹس قائم کی گئی ہیں، جبکہ 45 جووینائل جسٹس کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ 2019 سے 2021 کے دوران 661 بچوں کے مقدمات متبادل طریقہ کار کے تحت حل کیے گئے۔ سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے خلاف تشدد کے مقدمات میں جووینائل جسٹس سسٹم اور متعلقہ کمیٹیوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ جووینائل جسٹس سسٹم رولز 2023 کے تحت بچوں کی تعلیم، صحت، فنی تربیت اور بحالی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کو رہائش، تعلیم، نفسیاتی اور قانونی معاونت فراہم کر رہا ہے، جبکہ چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کے ذریعے بھی بچوں کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔