انگلینڈ نے ہوبارٹ کے بیلیریو اوول میں پہلی مرتبہ ون ڈے میچ جیت کر آٹھ سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی۔ بیلیریو اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بین ڈکٹ (133)کی شاندار سنچری اور ول جیکس (59) کی نصف سنچری کی مدد سے 328 رنز بنائے۔ ٹام بیٹن 44 رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم دیگر کوئی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیک ایڈورڈز نے 4، میٹ رینشا نے 3 جبکہ زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 46.5 اوورز میں 231 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ میٹ رینشا 55 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ایلکس کیری 37 اور جیک ایڈورڈز 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 4، لیام ڈوسن نے 3 جبکہ گس ایٹکنسن اور کپتان ہیری بروک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے 3 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔