گجرات میں سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر کمنٹ کرنے کے معاملے پر مبینہ تلخ کلامی کے بعد نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ واقعہ تھانہ منگووال کی حدود میں واقع گاؤں کیرانوالہ میں پیش آیا، جہاں ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عبدالقادر اور ملزم مجتبیٰ کے درمیان ٹک ٹاک کے کمنٹ باکس میں معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر ملزم نے عبدالقادر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے کیرانوالہ گاؤں میں ناکہ بندی کرکے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔