کراچی کے جناح اسپتال کے اینڈوسکوپی یونٹ میں ڈاکٹرز کو مبینہ طور پر خون کے دھبوں والے پرانے اور آلودہ لیڈ ایپرن استعمال کرنے پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے طبی عملے کے ساتھ مریضوں کی صحت اور انفیکشن سے تحفظ کے حوالے سے بھی سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا جبکہ ریڈی ایشن پروٹیکشن ایپرن کی تصاویر سامنے آگئی، جس میں حفاظتی گاؤنز پر خون کے واضح دھبے اور صفائی کی ناقص صورت حال دیکھی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹر ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کے اینڈوسکوپی یونٹ میں ایک ہی لیڈ ایپرن کئی مختلف طبی پروسیجرز اور سرجریز کے دوران استعمال کیے جا رہے ہیں، تاہم انہیں باقاعدگی سے دھو کر جراثیم سے پاک نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث گاؤنز پر خون کے دھبے اور آلودگی برقرار ہے۔ گاؤنز کی مسلسل استعمال کے باوجود مناسب صفائی اور دیکھ بھال نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے اس صورت حال کی تصاویر بنا کر جناح اسپتال انتظامیہ کو شکایت بھی ارسال کردی ہے، تاہم طبی عملے کو صاف اور متبادل حفاظتی لباس کی فراہمی کا مسئلہ تاحال توجہ طلب ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق لیڈ ایپرن ایکسرے اور دیگر شعاعوں کے دوران طبی عملے کو ریڈی ایشن سے بچانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں، تاہم ان کی بیرونی سطح پر خون یا جسمانی رطوبتوں کی آلودگی کی صورت میں صفائی اور جراثیم کش عمل ضروری ہے، آلودہ گاؤنز کو مناسب صفائی کے بغیر دوبارہ استعمال کرنے سے جراثیم کی منتقلی اور انفیکشن کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطرہ صرف طبی عملے تک محدود نہیں رہتا بلکہ مریض بھی اس صورت حال سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال انتظامیہ فوری نوٹس لے اور تمام وارڈز میں استعمال ہونے والے حفاظتی لباس کی صفائی، حالت اور دستیابی کا جائزہ لے۔ دوسری جانب جناح اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان کا کہنا ہے کہ اسپتال کے مختلف وارڈز میں 24 گھنٹے آپریشن تھیٹرز کام کررہے ہیں، جن میں ایمرجنسی، گائنی، یورولوجی اور اینڈوسکوپی سمیت دیگر شعبے شامل ہیں اور تمام طبی عملے کو ضروری سامان فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی حفاظت کے ساتھ مریضوں کی حفاظت بھی انتہائی ضروری ہے، چاہے معاملہ انفیکشن کنٹرول ہی سے متعلق کیوں نہ ہو، اگر اینڈوسکوپی وارڈ میں اس نوعیت کا مسئلہ موجود ہے تو فوری ہدایات جاری کرکے صورت حال درست کی جائے گی اور ڈاکٹرز کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ ماہرین نے بتایا کہ سوال یہ ہے کہ جدید طبی سہولیات فراہم کرنے والے جناح اسپتال میں طبی عملے کو صاف اور محفوظ حفاظتی لباس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ نگرانی کا نظام کیوں مؤثر نہیں ہے۔