امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیاں روکنے پر غور شروع کردیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سینئر مشیروں کو بتایا کہ اگر ایران یا یمن کے حوثی باغیوں نے کوئی نئی اشتعال انگیزی نہ کی تو امریکا فی الحال حملے نہیں کرے گا۔ اس معاملے سے واقف تین افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی صدر نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع نہ کریں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کا راستہ اختیار کریں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام امریکا پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں کہ ایران کے خلاف نئی فوجی مہم شروع کی جائے۔ رائٹرز کے مطابق امریکی فوج کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے جبکہ ایک تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے جس سے خطے میں امریکی فوجی موجودگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ امریکی انٹیلی جنس حکام کے جائزوں کے مطابق اقتصادی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ایران پر دباؤ ڈال رہی ہیں تاہم نئے فضائی حملوں سے تہران کے مذاکراتی مؤقف میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان کم ہے۔