آج دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک کے علاوہ خاص طور پر یورپ میں معاشی ابتری کے خلاف عوام کا سڑکوں پہ آجانا غیر اہم بات نہیں،یورپ کے فرانس اٹلی میں جین زی کی سرمایہ دارانہ لوٹ مار اور پورے یورپ کو معاشی ابتری میں مبتلا کرنے پر عوام اور جین زی کی جانب سے مزاحمت جاری ہے،جب کہ یورپ کے عوام کی اس بے چینی اور احتجاج کو نہ صرف مغربی میڈیا نہیں دکھا رہا بلکہ عوام کے اس غم و غصہ کو سرمایہ داری کے زیر اثر دنیا کی ریاستوں کے علاوہ ایشیا کے ممالک کا میڈیا بھی یورپ کی اس عوامی مزاحمت کو دکھانے سے پرہیز کر رہا ہے۔ سرمایہ داری کی مضبوط معیشت اور ترقی کے راگ الاپنے والے سورما بھی دنیا بھر کے عوام کے بھوک، افلاس اور بے چینی پر دبکے بیٹھے ہیں، یورپ کی اس صورتحال میں کسی بھی طرح کے شک کی گنجائش نہیں ہے کہ دنیا کو خوش حالی و انسانی حقوق کے سرمایہ دارانہ خواب دکھانے والے دانشوروں کے تجزیے بھی زمینی حقائق کی روشنی میں زمین دروز ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ بقول مارکسی دانشور رادھیکا ڈیسائی کے کہ ’’سرمایہ دارانہ معیشت‘‘ دنیا کے عوام کو خوشحالی کے خواب دکھانے کے باوجود اور تمام تر سرمائے کی طاقت رکھتے ہوئے بھی مطمئن نہیں کر پائی ہے۔‘‘ یورپ میں افراتفری اور عوامی ہلچل پر پروفیسر ڈیسائی کا یہ بھی تجزیہ ہے کہ دنیا سے جہاں سرمایہ دارانہ معیشت اور طرز حکمرانی کو دنیا کے عوام نے ٹھکرایا ہے، وہیں دوسری جانب تمام تر ترقی یافتہ ٹیکنالوجی رکھتے ہوئے بھی سرمایہ دارانہ معیشت پوری دنیا میں زوال کا شکار ہوتی جارہی ہے،جس کے بعد کمیونسٹ نکتہ نظر کی پارٹیوں کے سامنے یہ سوال منہ کھولے کھڑا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی دانش دنیا کے محکوم اور تنگ دست عوام کو اپنے نکتہ نظر پر قائل کرکے ’’مارکسی معیشت‘‘ کے وہ کونسے ہتھیار استعمال کر پائے گی جس سے عوام اپنی سیاسی،معاشی اور سماجی آزادی کے بنیادی خواب پر مطمئن ہو سکیں گے۔ محترمہ ڈیسائی کے خیال میں مغرب معاشی طور سے زوال کی جانب جاتا ہوا محسوس ہوتا ہے جب کہ چین پیداواری صلاحیت کی بنیاد پر مستحکم دکھائی دیتا ہے۔ پروفیسر ڈیسائی کے خیال میں سامراجیت اور سوشلزم کے خدو خال واضح کرنے میں مارکس،گرامچی،اسمتھ اور کینز کا اپنا اپنا ایک نکتہ نظر رہا ہے مگر عالمی جنگ کے نتیجے میں دنیا نے فاشزم اور نئی جاگیرداری کے ساتھ روس کے معاشی ماڈل کو بھی دیکھا ہے جب کہ دوسری جانب دھوکہ دہی کے سبب ترقی یافتہ کہلائے جانے والے کلاسیکل سرمایہ دارانہ اقدامات کو دنیا کے عوام کی بھوک بڑھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے،نتیجے کے طور پر پروفیسر صاحبہ کہتی ہیں کہ آج دنیا کی معاشی لوٹ کھسوٹ اور اپنی ہیجان خیزی پر طاقتور سرمایہ دارانہ دنیا کمیونسٹ فکر کو اتنی آسانی سے اپنے استحصالی معاشی نظام کا متبادل نہیں ہونے دے گی کہ جتنا آسان کمیونزم پر یقین رکھنے والے کر رہے ہیں۔ اکتوبر انقلاب کے بعد سوشلسٹ روس کی معاشی ساکھ کو قائم رکھنے والا یورپ میں کمیونسٹ انقلاب کی معیشت کو مضبوط کرنے کی خاطر معاشی اتحاد روس کے سربراہ خروشیف کی قیادت میں ’’وارسا پیکٹ‘‘ کے نام پر جب جون 1991 میں کمزور پڑا یا ٹوٹ گیا تو روس کا سوشلسٹ انقلاب کا معاشی ڈھانچہ مستحکم نہ رہ سکا بلکہ اس وقت نہ اسے گورباچوف کا ’’پریسترائیکا‘‘بچا پایا اور نہ ’’گلاسنوسٹ‘‘ روس کے معاشی ڈھانچے کو سہارا دے سکا،جس کے نتیجے میں انقلاب روس یا سوشلسٹ معاشی ڈھانچے کے ڈھے جانے کے بعد یورپ،امریکا اور دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں دو طرح کے رجحانات نے جگہ بنائی۔ ایک وہ رجحان تھا، جو روس کی ناکامی کو برملا ’’مارکسزم‘‘ کی ناکامی کہہ رہا تھا بلکہ یہ بھی کہہ رہا تھا کہ دنیا سے ’’مارکسزم‘‘ کا وجود اور فلسفہ ہی ختم ہو چکا ہے جب کہ اس کے برعکس مارکسزم کے فلسفے یا فکر پر یقین رکھنے یا دفاع کرنے والوں کا ہمیشہ یہ استدلال رہا کہ روس کا انہدام دراصل اقتداری و انتظامی کمزوریوں کے ساتھ کمیونسٹ طرز معیشت میں وقت اور حالات کے مطابق اصلاح نہ کرنے کی ناکامی ہے جس نے عوام میں سوشلسٹ خوشحالی دینے والی معیشت کے خلاف منفی رجحان کو تقویت دی جب کہ مارکسزم کا نکتہ نظر اپنی جگہ اہم اور سرمایہ دارانہ نظام کے مقابلے میں بہتر معیشت قائم رکھنے والا طرز معاشرت ہے۔ روس کے انہدام کے بعد امریکی سامراج اور یورپ کی سرمایہ داری نے کمیونزم کے نکتہ نظر کے خلاف سرمائے اور ریاستی طاقت کے ساتھ پروپیگنڈہ کرکے دو قسم کی سوشلسٹ سوچ کے دائرے بنانے کی کوشش کی جس میں سرمایہ دار ممالک اور بطور خاص امریکا کسی حد تک کامیاب بھی ہوا۔ روس کی کمیونسٹ معیشت کے مقابلے میں امریکی سامراج نے یورپ کے اتحاد سے ’’مارکسزم‘‘ کے عظیم فلسفے کو کمزور کرنے کے لیے از سر نو این جی اوز کا ایک سماجی اصلاحی پروگرام سرگرم کیا کہ جس میں کمیونسٹ فکر کے کمزور عناصر خود کو ’’مارکسٹ‘‘کہلوا کر دراصل ترقی پسندی سوچ اور کمیونسٹ فکر کو نقصان پہنچا کر سماجی فلاح کے امریکی فنڈیڈ پروگرام پر عمل کروا کر خود کو ترقی پسند بھی رکھنا چاہتے تھے یا ترقی پسند فکر کے پردے میں امریکی سرمائے کی مدد کے الزام سے بچنا چاہتے تھے۔ یہ کام کمزور کمیونسٹ فکر کے افراد نے امریکی یا سرمایہ دارانہ فنڈ کی بنیاد پر دھڑلے سے کیا اور اب تک کسی نہ کسی شکل میں کر رہے ہیں۔اس پورے عمل کے دوران مارکسٹ اور کمیونسٹ کے فرق کو نہ سمجھا گیا اور نہ اس پر توجہ دی گئی، سادہ سی بات ہے کہ مارکس کی کتابیں اور فلسفہ پڑھنے والا کوئی بھی خود کو مارکسسٹ کہہ سکتا ہے اور یہ کسی حد تک درست بھی ہے۔مارکسٹ تو کوئی مذہبی بھی ہو سکتا ہے۔ عراق کے مذہبی عالم باقر الصدر نے تو کارل مارکس کی قدر زائد پر ہی پی ایچ ڈی کی اور اس مقالے کو ’’اقتصادنا‘‘ کے نام سے چھپوایا بھی،جو بہت اہم کتاب جانی گئی ہے۔ اصل مسئلہ مارکس کے فلسفے اور فکر کو عملی شکل میں ڈھالنے کا ہے،جو صرف نظم و ضبط کا کمیونسٹ یا لیننسٹ ہی کرسکتا ہے کیونکہ سماج اور اپنی تنظیم کو جواب دہ ’’کمیونسٹ‘‘ ہی ہوتا ہے۔ کمیونسٹ کا احتساب سماج کا ہر فرد کرسکتا ہے،سوال اٹھا سکتا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی میں اس کے عمل کی شکایت کر سکتا ہے جب کہ مارکسٹ اپنے آپ کو ان بندھنوں سے آزاد سمجھتا ہے،لہٰذا مارکسٹ استحصال بھی کر سکتا ہے اور اپنے ذاتی یا کاروباری مفاد میں جھوٹ بھی بول سکتا ہے۔جب کہ کمیونسٹ سماج کے ہر فورم پر خود کو ہمہ وقت احتساب کے لیے پیش ہونے کو تیار ہوتا ہے۔ دنیا میں زیادہ تر مختلف سماجی فیلڈ میں کام کرنے والی سرمایہ دارانہ مفادات کی این جی اوز اور ادارے چلانے والے نہ صرف مکروہ فریب اپنے دامن میں رکھتے ہیں بلکہ جب چاہتے ہیں خود کو مارکسٹ بتا کر دنیا کی محنت کی قدر کے عظیم مارکسزم کے نظریے کو بدنام کرتے ہیں اور اپنے فائدے کے لیے کمیونسٹ نظریئے کو استعمال کرتے ہیں۔ یہی وہ اہم نکتہ ہے جس کے دباؤ میں آکر دنیا بھر کی عمومی اور یورپ میں خصوصی طور پر کمیونسٹ پارٹیوں نے اپنے آپ کو’’کمیونسٹ نظم و ضبط‘‘ میں رکھنے کے بجائے اس کا حل سوشل ڈیموکریٹ کے آسان اور خوف زدہ رکھنے والی سیاست میں ڈھونڈا،جس میں کمیونسٹ دانش سے مجرمانہ طور پر مارکسزم کے معاشی نکتہ نظر اور اس کی نظریاتی اساس ہاتھ سے نکل کر سرمایہ دارانہ نظام کے فائدے اور پروپیگنڈے کا آسان ہدف بن گئی، جس کا لازمی نقصان یہ ہوا کہ پورا یورپ کمیونسٹ کیڈر پارٹی کے نظم و ضبط سے محروم ہوکر عام سیاست کی نذر ہوکر نظریاتی،سیاسی اور سماجی سیاست میں بے معنی ہوگیا۔