لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 269 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارت کا شہر کولکتہ 253 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا 190 انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ پنجاب اے کیو آئی ڈیش بورڈ کے مطابق صبح 8 بجے لاہور کا فضائی آلودگی کا انڈیکس 293 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ روز اسی وقت یہ شرح 271 تھی۔ پنجاب کے آلودہ ترین شہروں میں وہاڑی 334 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے، پاکپتن 321 کے ساتھ دوسرے اور قصور 311 انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ لاہور 293 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔ لاہور میں ملتان روڈ 424 اے کیو آئی کے ساتھ شہر کا آلودہ ترین مقام ریکارڈ کیا گیا، سفاری پارک میں 391 اور ایجرٹن روڈ پر 333 انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کاہنہ نو میں اے کیو آئی 325، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 299، شاہدرہ میں 288 اور برکی روڈ پر 286 ریکارڈ کیا گیا۔